واشنگٹن،10؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا میں ایک پناہ گزین کے طور پر داخل ہونے والی افریقی ملک صومالیہ سے تعلق رکھنے والی الھان عمر اپنی محنت کے بل پر امریکی کانگریس کی رکن منتخب ہوئی ہیں۔امریکی ذرائع ابلاغ نے صومالیہ کی پناہ گزین خاتون کے امریکی کانگریس کے رکن منتخب ہونے پر روشنی ڈالی ہے۔ اخبار "ڈیلی سٹا ٹرائبیون" نے اپنی رپورٹ میں مسز الھان عمر کا ایک بیان نقل کیا ہے۔ جس میں ان کا کہنا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں امریکا میں جمہوریت کی علامت سمجھے جانے والے ادارے کانگریس کی رکنیت کا منصب ملا ہے۔ وہ امریکا میں نسلی تنوع کی نمائندگی کرتی ہیں۔خیال رہے کہ 34سالہ الھان عمر اپنے والدین کے ہمراہ بچپن میں امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔ اس سے قبل ان کا خاندان صومالیہ سے ھجرت کرنے کے بعد چار سال تک کینیا میں قائم ایک پناہ گزین کیمپ میں بھی رہائش پذیر رہا۔امریکا پہنچنے کے بعد صومالی نژاد الھان عمر نے "ویمن آرگنائزیشن ویمن" نامی ایک تنظیم میں بھی خدمات انجام دیں۔ یہ تنظیم مشرقی افریقی ملکوں کی خواتین کو اہم سول عہدوں پر فائز کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔